نئی دہلی،10؍اگست(ایس او نیوز۳ایجنسی) جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی نے وزیر داخلہ حکومت ہند امیت شاہ اور دہلی پولیس کمشنر کو خط ارسال کیا ہے۔ اس خط کی ایک کاپی جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے جنتر منتر پر واقع پولیس کیمپ میں پہنچ کر نئی دہلی رینج کے جوائنٹ کمشنر شری جسپال سنگھ اور ڈی سی پی شری دیپک یادو سے ملاقات کرکے بھی سونپی۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں کھلے عام مسلمانوں کے قتل عام کی دھمکی دی گئی ہے جو سوشیل میڈیا پر بڑی تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ اس سے ملک کے امن پسند افراد اور مسلم اقلیت کو سخت تکلیف پہنچی ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان پر دو فرقوں کے مابین نفرت پھیلانے والی دفعات لگائی جائیں۔